Danishkadah Danishkadah Danishkadah
حضرت امام علی نے فرمایا، انسان کی دو ہی فضیلتیں ہیں: ایک عقل اور دوسری گفتار ،وہ عقل کے ذریعے فائدہ اٹھاتا ہے اور گفتار کے ذریعے فائدہ پہنچاتا ہے۔ غررالحکم حدیث330
دَسویں دعا

10۔ طلب پناہ کے سلسلے کی دعا

بارالٰہا ! اگر تو چاہے کہ ہمیں معاف کر دے تو یہ تیرے فضل کے سبب سے ہے اور اگر تو چاہے کہ ہمیں سزا دے تو یہ تیرے عدل کی روسے ہے۔ تواپنے شیوہ احسان کے پیش نظر ہمیں پوری معافی دے اور ہمارے گناہوں سے درگزر کر کے اپنے عذاب سے بچالے۔ اس لیے کہ ہمیں تیرے عدل کی تاب نہیں ہے اور تیرے عفو کے بغیر ہم میں سے کسی ایک کی بھی نجات نہیں ہوسکتی ۔
اے بے نیازوں کے بے نیاز ! ہاں تو پھر ہم سب تیرے بندے ہیں جو تیرے حضور کھڑے ہیں اور میں سب محتاجوں سے بڑھ کر تیرا محتاج ہوں ۔ لہٰذا اپنے بھرے خزانے سے ہمارے دامن فقر و احتیاج کو بھر دے اور اپنے دروازے سے رد کر کے ہماری امیدوں کو قطع نہ کر ۔ ورنہ جو تجھ سے خوش حالی کا طالب تھا وہ تیرے ہاں سے حرماں نصیب ہوگا اور جو تیرے فضل سے بخشش و عطا کا خواستگار تھا وہ تیرے در سے محروم رہے گا ۔ تو اب ہم تجھے چھوڑ کر کس کے پاس جائیں اور تیرا در چھوڑ کر کدھر کا رخ کریں۔
تو اس سے منزہ ہے ( کہ ہمیں ٹھکرا دے جب کہ) ہم ہی وہ عاجز و بے بس ہیں جن کی دعائیں قبول کرنا تو نے اپنے اوپر لازم کرلیا ہے اور وہ درد مند ہیں جن کے دکھ دور کرنے کا تو نے وعدہ کیا ہے اور تمام چیزوں میں تیرے مقتضائے مشیت کے مناسب اور تمام امور میں تیری بزرگی و عظمت کے شایان یہ ہے کہ جو تجھ سے رحم کی درخواست کرے تو اس پر رحم فرمائے اور جو تجھ سے فریاد رسی چاہے تو اس کی فریاد رسی کرے ۔ تو اب اپنی بارگاہ میں ہماری تضرع وزاری پر رحم فرما اور جب کہ ہم نے اپنے کو تیرے آگے (خاک مذلّت پر) ڈال دیا ہے تو ہمیں (فکر و غم سے) نجات دے۔
بار الٰہا ! جب ہم نے تیری معصیت میں شیطان کی پیروی کی تو اس نے (ہماری اس کمزوری پر ) اظہار مسرت کیا۔ تو محمد (ص) اور ان کی آل (ع) اطہر پر درود بھیج۔ اور جب ہم نے تیری خاطر اسے چھوڑ دیا اور اس سے روگردانی کرکے تجھ سے لو لگا چکے ہیں تو کوئی ایسی افتاد نہ پڑے کہ وہ ہم پر شماتت کرے ۔

 

 

 

فہرست صحیفہ کاملہ