Danishkadah Danishkadah Danishkadah
حضرت امام علی نے فرمایا، دین کو دنیا کا ذریعہ بناکر کاروبار کرنے والے کیلئے خدا کی طرف سے سزا جہنم ہے۔ غررالحکم حدیث2225
چھبیسویں دعا

26۔ ہمسایوں اور دوستوں کے لیے دعا

اے اللہ! محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اور میری اس سلسلہ میں بہترین نصرت فرما کہ میں اپنے ہمسایوں اور ان دوستوں کے حقوق کا لحاظ رکھوں جو ہمارے حق کے پہنچاننے والے اور ہمارے دشمنوں کے مخالف ہیں اور انہیں اپنے طریقوں کے قائم کرنے اور عمدہ اخلاق و آداب سے آراستہ ہونے کی توفیق دے، اس طرح کہ وہ کمزوروں کے ساتھ نرم رویہ رکھیں اور ان کے فقر کا مداوا کریں۔ مریضوں کی بیمار پرسی، طالبان ہدایت کی ہدایت، مشورہ کرنے والوں کی خیر خواہی اور تازہ وارد سے ملاقات کریں۔ رازوں کو چھپائیں۔ عیبوں پر پردہ ڈالیں۔مظلوم کی نصرت اور گھریلو ضروریات کے ذریعہ حسن مواسات کریں اور بخشش و انعام سے فائدہ پہنچائیں اور سوال سے پہلے ان کی ضروریات مہیا کریں۔
اے اللہ ! مجھے ایسا بنا کہ میں ان میں سے برے کے ساتھ بھلائی سے پیش آؤں اور ظالم سے چشم پوشی کر کے درگزر کروں اور ان سب کے بارے میں حسن ظن سے کام لوں اور نیکی و احسان کے ساتھ سب کی خبر گیری کروں اورپرہیز گاری و عفت کی بنا پر ان ( کے عیوب ) سے آنکھیں بند رکھوں۔ تواضح و فروتنی کی رو سے ان سے نرم رویہ احتیار کروں اور شفقت کی بنا پر مصیبت زدہ کی دلجوئی کروں۔ ان کی غیبت میں بھی ان کی محبت کو دل میں لیے رہوں اور خلوص کی بنا پر ان کے پاس سدا نعمتوں کا رہنا پسند کروں اور جو چیزیں اپنے خاص قریبیوں کے لیے ضروری سمجھوں ان کے لیے بھی ضروری سمجھوں اور جو مراعات اپنے مخصوصین سے کروں وہی مراعات ان سے بھی کروں۔
اے اللہ !محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اور مجھے بھی ان سے ویسے ہی سلوک کا روا دار قرار دے اور جو چیزیں ان کے پاس ہیں، ان میں میرا حصہ وافر قرار دے اور انہیں میرے حق میں افزائش و ترقی دے تاکہ وہ میری وجہ سے سعادت مند اور میں ان کی وجہ سے مثاب و ماجور قرار پاؤں ۔ آمین اے تمام جہاں کے پروردگار۔

 

 

 

فہرست صحیفہ کاملہ