Danishkadah Danishkadah Danishkadah
حضرت امام جعفر صادق نے فرمایا، بخیل کے بخل کے لیے اتنا ہی کافی ہے کہ وہ اپنے رب کے بارے میں بدگمانی کرتا ہے، کیونکہ جو شخص خدا کی طرف سے عوض ملنے کا یقین رکھتا ہے وہ خرچ کرنے میں دریا دلی دکھاتا ہے۔ بحارالانوار کتاب الایمان والکفر باب136 حدیث35
آٹھویں دعا

8۔ خواستگاری پناہ کے سلسلے کی دعا

اے اللہ! میں تجھ سے پناہ مانگتا ہوں حرص کی طغیانی، غضب کی شدت، حسد کی چیرہ دستی،بے صبری ، قناعت کی کمی، کج اخلاقی، خواہش نفس کی فراوانی، عصبیت کے غلبہ، وسواس کی پیروی، ہدایت کی خلاف ورزی، خواب غفلت (کی مدہوشی ) اور تکلف پسندی سے نیز باطل کو حق پر ترجیح دینے، گناہوںپر اصرار کرنے، معصیت کو حقیر اور اطاعت کو عظیم سمجھنے، دولت مندوں کے سے تفاخر، محتاجوں کی تحقیر اور اپنے زیردستوں کی بری نگہداشت اور جو ہم سے بھلائی کرے اس کی ناشکری سے اور اس سے کہ ہم کسی ظالم کی مدد کریں اور مصیبت زدہ کو نظر انداز کریں یا اس چیز کا قصد کریں جس کا ہمیں حق نہیں یادین میں بے جانے بوجھے دخل دیں۔
اور ہم تجھ سے پناہ مانگتے ہیں اس بات سے کہ کسی کو فریب دینے کا قصد کریں یا اپنے اعمال پر نازاں ہوںاور اپنی امیدوں کا دامن پھیلائیں
اور ہم تجھ سے پناہ مانگتے ہیں، بدباطنی اور چھوٹے گناہوں کو حقیر تصور کرنے اور اس بات سے کہ شیطان ہم پر غلبہ حاصل کرلے جائے یا زمانہ ہم کو مصیبت میں ڈالے یا فرمانروا اپنے مظالم کا نشانہ بنائے
اور ہم تجھ سے پناہ مانگتے ہیں فضول خرچی میں پڑنے اورحسب ضرورت رزق کے نہ ملنے سے
اور ہم تجھ سے پناہ مانگتے ہیں دشمنوں کی شماتت، ہم چشموں کی احتیاج، سختی میں زندگی بسر کرنے اور توشہ آخرت کے بغیر مرجانے سے
اور تجھ سے پناہ مانگتے ہیں بڑے تاسف، بڑی مصیبت ، بدترین بد بختی، برے انجام، ثواب سے محرومی اور عذاب کے وارد ہونے سے۔
اے اللہ! محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اور اپنی رحمت کے صدقہ میں مجھے اورتمام مومنین و مومنات کو ان سب برائیوں سے پناہ دے ۔ اے تمام رحم کرنے والوں میں سب سے زیادہ رحم کرنے والے

 

 

 

فہرست صحیفہ کاملہ