اسلامی تعلیمات

باب 7 - انسان قدم بقدم ترقی کی جانب گامزن

باب 7 - انسان قدم بقدم ترقی کی جانب گامزن

جب انسانی دماغ نے پہلا کمپیوٹر بنایا تو وہ کم و بیش ایک بڑے کمرے جتنی جگہ گھیرتا تھا۔ رفتہ رفتہ اس کا حجم کم مگر فوائد اور استعمال زیادہ ہوتا گیا۔ یہ سب کچھ اچانک نہیں ہوا تھا بلکہ اس کے پیچھے ایک پوری تاریخ موجود ہے جو یہ بتاتی ہے کہ کمپیوٹر کے میدان میں ترقی درجہ بدرجہ حاصل ہوئی۔ صرف کمپیوٹر ہی نہیں بلکہ دنیا کی کوئی سی بھی چیز دیکھ لیں وہ درجہ بدرجہ ترقی کی طرف بڑھتی ہے اور بالآخر درجہ کمال کو پہنچتی ہے۔ خالق کائنات نے اپنی عظیم ترین مخلوق انسان کو ایک اعلیٰ اور بلند ہدف کی خاطر پیدا کیا اور اس بلند و ارفع مقصد تک پہنچانے کے لیے انسان کو ترقی اور تکامل کے طویل مراحل سے گزارا۔ سب سے پہلے تو زمین اور آسمان کوچھ روز میں خلق کیا اور پھر اگلے چار دن میں زمین پر انسان کی تمام ضروریات زندگی اور ضروری وسائل پیدا کیے۔ اور یوں زمین کو انسان کے لیے قابل سکونت بنادیا۔

وَ جَعَلَ فِیۡہَا رَوَاسِیَ مِنۡ فَوۡقِہَا وَ بٰرَکَ فِیۡہَا وَ قَدَّرَ فِیۡہَاۤ اَقۡوَاتَہَا فِیۡۤ اَرۡبَعَۃِ اَیَّامٍ ؕ سَوَآءً لِّلسَّآئِلِیۡنَ﴿۱۰﴾ (سورہ فصلت، 10)

اور اس نے چار دنوں میں حاجتمندوں کی ضروریات کے مطابق زمین میں سامان خوراک مقرر کیا۔

جب زمین تیار ہو گئی تو پھر خدا تعالیٰ نے انسانی ڈھانچہ تشکیل دیا اور اس میں روح پھونک کر اسے زندہ انسانی شکل دے دی اور اگلے مرحلے میں وَ عَلَّمَ اٰدَمَ الۡاَسۡمَآءَ کُلَّہَا سے انسان کی فکری ترقی کا سفر شروع ہوا۔ شروع دن سے ہی اللہ تعالیٰ نے انسان کی ترقی کو علم کا مرہون منت ٹھہرایا اور ابوالبشر حضرت آدم علیہ السلام کی خلقت کے ساتھ ہی تعلیم و تربیت کی ابتدائی درسگاہ کھول دی گئی۔ البتہ یہ حضرت نوح علیہ السلام تھے جن کے زمانے میں اللہ تعالیٰ کی جانب سے پہلا انسانی آئین (شریعت) نازل کیا گیا۔

شَرَعَ لَکُمۡ مِّنَ الدِّیۡنِ مَا وَصّٰی بِہٖ نُوۡحًا (سورہ شوریٰ 13)

اس نے تمہارے لیے دین کا وہی دستور معین کیا جس کا اس نے نوحؑ کو حکم دیا تھا۔

اس سے قبل انسان اپنی فطرت سلیمہ کی روشنی ہی میں اپنی زندگی گزارتا تھا مگر اب اس کو (شریعت نوحؑ) کی صورت میں اضافی قوانین اور اصول متعارف کرائے گئے اور حضرت نوح علیہ السلام کی شریعت پہلا الٰہی قانون اور پہلی آسمانی شریعت قراردی گئی۔

پھر دوسری بار حضرت ابراہیم علیہ السلام کے زمانے میں مذہب اسلام اور ملت اسلامیہ کی بنیاد رکھی گئی اور حضرت ابراہیمؑ نے اپنی قوم و ملت کا نام مسلمان رکھا۔

حضرت ابراہیم علیہ السلام نے پہلی بار اپنے ماننے والوں کا نام مسلمان رکھا۔ اس سے قبل اگرچہ حضرت نوح علیہ السلام کی طرف پہلی الٰہی شریعت بھیجی جا چکی تھی مگر حضرت نوح ؑ کے پیروکاروں کو مسلمان کا لقب نہیں ملا تھا۔ یہ امتیاز حضرت ابراہیمؑ کو حاصل ہے کہ ان کے ماننے والوں کو علیحدہ نام سے ملقب کیا گیا اور یہ بھی حضرت ابراہیمؑ کا ہی خاصہ ہے کہ ان کے بعد آنے والی تمام شریعتوں کے پیروکار اپنے آپ کو ابراہیمی کہنے پرفخر محسوس کرتے ہیں۔ حضرت ابراہیمؑ کے زمانے میں اگرچہ مجموعی طور پر انسانی فکر و شعور پہلے سے کہیں زیادہ ہو چکا تھا مگر ابھی تک اس کی عقل اپنے ہاتھ سے تراشے ہوئے لکڑی یا پتھر کے بت سے اسے آزادی نہ دلا پائی تھی۔ حد یہ کہ علم توحید لہرانے والے ابراہیمؑ کا گھر جس میں وہ اپنے چچا کے ہمراہ رہتے تھے۔ علاقے میں بت سازی کا سب بڑا کارخانہ تھا۔ اس سب کچھ کے باوجود ’’انسانیت‘‘ اس دور میں بھی دوسرا ارتقائی مرحلہ طے کر گئی۔

حضرت ابراہیمؑ کے بعد حضرت موسیٰ ؑکو نئی الٰہی شریعت کے لیے چن لیا گیا۔ جب مصر کی جانب لوٹتے وقت وہ طور سینا پر آگ کے حصول کی خاطر گئے تو خداوند متعال نے ایک درخت کے توسط سے کلام کرکے اپنے کلیم کو بتایا کہ اس نے انہیں ایک نئی شریعت دینے کا ارادہ کر لیا ہے۔ یہ تیسرا الٰہی قانونی مسودہ تھا اور تیسرا انسانی ارتقائی قدم بھی۔ اس مرحلے میں اللہ تعالیٰ نے موسیٰ کلیم اللہ کی امت پر اپنی نعمتیں مکمل کر کے انسان کو ایک اور ارتقائی منزل عطا کی۔

پھر ہم نے موسی کو کتاب عنایت کی تاکہ نیکی کرنے والے پر احکام پورے کر دیں اور اس میں ہر چیز کی تفصیل بیان ہو اور ہدایت اور رحمت کا باعث ہو۔ (سورہ انعام154)

بظاہر تو اللہ تعالیٰ نے امت کلیمی پر اپنی نعمتیں پوری کر دیں مگر ابھی تک یہ امت اس قابل نہ ہوئی تھی کہ ان کو ایک ابدی منشور دے دیا جائے کہ جس کے بعد کسی نئی شریعت اور نئے الٰہی قانون کی ضرورت ہی پیش نہ آئے۔ جس کا واضح ثبوت حضرت موسی کلیم اللہ کے کوہ طور پر جانے کے بعد عصر کلیم کے انسان کا ایک بچھڑے کو خدا ماننے پر آمادہ ہو جانا ہے۔

وَ قَفَّیۡنَا بِعِیۡسَی ابۡنِ مَرۡیَمَ وَ اٰتَیۡنٰہُ الۡاِنۡجِیۡلَ ۬ۙ وَ جَعَلۡنَا فِیۡ قُلُوۡبِ الَّذِیۡنَ اتَّبَعُوۡہُ رَاۡفَۃً وَّ رَحۡمَۃً ؕ (سورہ حدید 27)

اور ان سب کے بعد عیسیٰ ابن مریم کو بھیجا اور انہیں ہم نے انجیل دی اور جنہوں نے ان کی پیروی کی ہم نے ان کے دلوں میں شفقت اور رحم ڈال دیا۔

ان سب ادوار میں اگرچہ انسان نے خاطرخواہ ترقی کی مگر ابھی تک وہ عہد طفولیت میں تھا یہی وجہ ہے کہ اس کی تربیت و تعلیم کے لیے سمعی و بصری ذرائع (آنکھ سے نظر آنے والے اور کان سے سنائی دینے والے ذرائع) سے کام لیا گیا۔ اور ان سب ادوار میں انہیں ایسے معجزات دکھائے گئے جو محسوسات اور مشاہدات سے تعلق رکھتے تھے۔