اسلامی تعلیمات

نگاہ

حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام سے روایت ہے کہ

ناجائز نگاہ شیطان کا ایک ایسا زہر آلود تیر ہے جو آتے ہی مالک کے دل میں پیوست ہو جاتا ہے۔ کتنی ہی ناجائز نظریں طویل پچھتاوے رکھتی ہیں۔

حضرت امام محمد باقر علیہ السلام اور حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام سے مروی ہے:

جسم کے ہر حصے کا ایک زنا ہوتا ہے چنانچہ آنکھ کا زنا ناجائز نگاہ ہے۔

ایک اور روایت میں آیا ہے:

جو بھی اپنی آنکھ کو حرام سے ناپاک کرتا ہے خدا قیامت کے دن اس کی آنکھوں کو دوزخ کی آگ سے بھر دے گا، جو شخص اپنی آنکھوں سے کسی نامحرم عورت کو بہت دیکھے گا تو قیامت کے دن خدا اس کی دونوں آنکھوں میں آگ کی سلاخیں اس وقت تک لگائے رکھے گا، جب تک تمام لوگوں کو فیصلے سنا نہ دے اس کے بعد اسے جہنم میں پھینکنے کا حکم ملے گا۔

1۔ نگاہ کے احکام

کسی بھی مرد کے لیے نا محرم عورت کو ارادہ و اختیار کے ساتھ دیکھنا حرام ہے اور اگر کسی عورت پر اچانک نگاہ پڑ جائے تو حرام نہیں ہے البتہ ایک نظر کے بعد اس طرف کی دیکھتے رہنا حرام ہے۔ میاں بیوی کے علاوہ کسی انسان کا دوسرے کو شہوت و لذت کی نگاہ سے دیکھنا حرام ہے۔ اسی طرح اگر نامحرم عورت کی آواز کو لذت کی خاطر سننا چاہے تو یہ بھی حرام ہے۔

مرد اور خاتون کے درمیان محرمیت کس طرح ہوتی ہے؟

1۔ خونی رشتے

2۔ رضاعت

3۔ نکاح

خونی رشتے

انسان کے لیے محرم خواتین یہ ہیں:

1۔ ماں

2۔ دادی، یہ سلسلہ جتنا اوپر چلتا جائے۔

3۔ نانی، یہ سلسلہ جتنا اوپر چلتا جائے۔

4۔ بیٹی اور پوتیاں اور یہ سلسلہ جتنا نیچے چلا جائے (پوتی کی بیٹی، پوتیاں وغیرہ)۔

5۔ بہن، خواہ سگی ہو یا صرف ماں کی طرف سے یا صرف باپ کی طرف سے اور بہن کی بیٹیاں، نواسیاں وغیرہ۔

6۔ پھوپھی، نیز ماں اور باپ کی پھوپھی۔

7۔ خالہ نیز ماں اور باپ کی خالائیں۔

8۔ بھتیجی، نیز اس کی پوتیاں نواسیاں اور یہ سلسلہ جتنا نیچے چلا جائے۔

عورتوں کے لیے مندرجہ ذیل مرد محرم ہیں:

1۔ باپ اور دادا اور یہ سلسلہ جتنا اوپر چلتا جائے۔

2۔ نانا اور اس طرح یہ سلسلہ جتنا اوپر چلا جائے، پرنانا، وغیرہ۔

3۔ بیٹا اور جتنا یہ سلسلہ نیچے چلا جائے۔

4۔ بھائی۔

5۔ بھائی کے بیٹے، پوتے اور نواسے۔

6۔ بہن کے بیٹے، پوتے اور نواسے۔

7۔ چچا، ماموں نیز ماں اور باپ کے چچا اور ماموں۔

2۔ رضاعت

رضاعت سے بھی رشتے حرام ہو جاتے ہیں۔ رضاعت یہ ہے کہ بچہ کوئی اور غذا کھائے پئے بغیر دن میں دس یا پندرہ مرتبہ ماں کے علاوہ کسی عورت کا دودھ پئے اور اس دودھ سے بچے کا گوشت و پوست بنے تو اس سے بھی رضاعی ماں، رضاعی بہن، رضاعی خالہ، رضاعی پھوپھی، یہ سب محرم بن جاتے ہیں۔

3۔ نکاح

عورت سے شادی کرنے کے بعد بھی بیوی کے لیے شوہر کے کچھ رشتہ دار اور شوہر کے لیے بیوی کے کچھ رشتہ دار محرم بن جاتے ہیں جیسے شوہر کا باپ اور شوہر کے لیے بیوی کی ماں محرم بن جاتی ہیں۔

ان خواتین کے علاوہ انسان کے لیے دیگر تمام خواتین نامحرم ہیں، جیسے بھابھی، کزن یا دیگر رشتے جیسے بھابھی کی بہنیں کزنز اسی طرح جتنا آگے چلتے جائیں نامحرم ہیں۔