اسلامی تعلیمات

بسم اللہ الرحمن الرحیم

اپنی بات

آج سے تقریباً نو سال قبل جامعۃ الکوثر کے سینئر طلباء نے اپنے کندھوں پر علوم آلِ محمدؐ کی ترویج کی عظیم ذمہ داری کا بار محسوس کرتے ہوئے جامعۃ الکوثر کی مقدس حدود میں اپنے طلباء کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور ان کو اپنی ذمہ داریوں سے عہدہ برآ ہونے کی خاطر حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ شیخ محسن علی نجفی دام ظلہ کی زیر سرپرستی ایک ’’پلیٹ فارم‘‘ تشکیل دیا جس کا نام ’’افکار کوثر ‘‘(Al Kauthar Thoughts) رکھا گیا۔ ’’الکوثر تھاٹس‘‘ کے ممبران و اراکین جامعۃ الکوثر کے تمام طلاب ہی ہیں۔

اس پلیٹ فارم کے متعدد مقاصد میں سے اہم ترین مقصد نوجوانوں کی صحیح معنوں میں تعلیم و تربیت کا انتظام کرنا ہے، آپ جانتے ہیں کہ اسلامی تعلیمات سے دوری نے ہمارے معاشرے کو غیر مہذب اور ہماری نسلوں کو نافرمان بنادیا ہے، جبکہ یہ نسلیں ہمارے پاس اللہ کی امانت ہیں اور ان کی تربیت میں کسی قسم کی کوتاہی نہ صرف اللہ کی ناراضگی کا موجب بنتی ہے بلکہ ہمارے مستقبل کے غیر یقینی اور تاریک ہونے کی بھی ایک وجہ ہے۔

ایسے حالات میں نوجوان مذہبی سکالرز پر مشتمل ’’الکوثر تھاٹس‘‘ نے والدین اور بچوں دونوں کے لیے یکساں مفید پروگرام ترتیب دے کر جون 2009ء میں ’’الکوثر سمر سکول سسٹم‘‘ کا آغاز کیا۔

الکوثر سمر سکول سسٹم تعطیلات موسم گرما کے دوران 20 سے 30 دن کے دورانیے پر مشتمل ایک اسلامک شارٹ کورس کا نام ہے جس میں مذہبی طور پر پسماندہ علاقوں کو ترجیح دی جاتی ہے۔ الکوثر سمر سکول سسٹم میں داخل ہونے والے طلباء کو دو درجوں (Levels) میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ ابتدائی درجہ میں کلاس پانچویں، چھٹی اور ساتویں کے طلاب، جبکہ ثانوی درجہ میں آٹھویں، نویں اور دسویں کے طلباء شامل ہوتے ہیں۔ ان دونوں کلاسز کا سلیبس الکوثر تھاٹس نے دو علیحدہ کتابوں کی صورت میں خود مرتب کیا ہے۔

بحمداللہ اس وقت آپ کے ہاتھوں میں میٹرک سطح کے طلباء کے لیے لکھی گئی نصابی کتاب ’’اسلامی تعلیمات‘‘ موجود ہے۔ جس کو جامعۃ الکوثر اسلام آباد کے سینئر، محنتی، لائق اور فاضل طلباء نے اپنے شفیق اساتذہ کی نگرانی میں مرتب کیا ہے۔ کتاب کی تیاری کے سلسلے میں کاغذ اور قلم سے وابستہ گروہ جامعۃ الکوثر کے علمی طلاب و دیگر فاضل طلباء سے حاصل کی گئی ہیں جنہوں نے انتہائی دل جمعی، محنت اور لگن سے اس کو مرتب کیا ہے۔

اس کتاب کی خصوصیت یہ ہے کہ اس میں ایک ہی کتاب کے اندر نوجوانوں کی ابتدائی مذہبی ضروریات پوری کرنے کے لیے تمام موضوعات شامل ہیں جن میں احکام، اخلاقیات، قرآنیات، عقائد اور سیرت معصومین علیہم السلام شامل ہے۔

قرآنیات جیسے اہم موضوع کو پاکستان میں پہلی مرتبہ کسی دینی نصابی کتاب میں شامل کیا گیا ہے جو کہ اس کتاب کا امتیاز ہے۔ اس کے علاوہ مقدس مقامات اور بزرگ علماء کے موضوع کو نصابی کتاب میں شامل کرنے کا اعزاز بھی اسی نصاب کو حاصل ہے۔

کورس مرتب کرتے وقت نصاب میں شامل تمام مطالب اور مفاہیم کو سادہ اور انتہائی دلچسپ انداز میں پیش کرنے کی حتی الامکان کوشش کی گئی ہے، نہ صرف یہ بلکہ بچے کی نفسیات اور نصاب سازی کے اصول بھی ہمارے پیش نظر رہے ہیں۔

ہم امید کرتے ہیں کہ ہماری یہ کاوش نوجوانوں کی صحیح تعلیم و تربیت میں والدین، اساتذہ کرام، علماء اور دانشور حضرات کے لیے معاون و مفید ثابت ہوگی۔ ہم قارئین کی آراء اور اصلاحی تنقید کے بھی منتظر رہیں گے جو ہمارے اس عمل کو مزید بہتر بنانے کے لیے ضروری بھی ہے اور مفید بھی۔

آخر میں استاد بزرگوار مفسر قرآن حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ محسن علی نجفی دام ظلہ العالی کے شکر گزار ہیں جن کی شفقت اور مخلصانہ سرپرستی سے یہ کام پایہ تکمیل کو پہنچا نیز مجلس مصنفین کے تمام اراکین اور جناب علی حیدری جن کی انتھک محنت قابل تحسین ہے کہ انہوں نے تزین و آرائش کے ساتھ اس کتاب کی طباعت کا اہتمام کیا ہے کے بھی شکر گزار ہیں جن کا تعاون ہر لمحہ شامل حال رہا ہے۔

والسلام

الکوثر تھاٹس