اسلامی تعلیمات

تمہید

اسلامی تعلیمات کی گرانقدری، سچائی، گہرائی، جامعیت اور ان کے قابل عمل ہونے کو درک کرنا جہاں ایک نہایت اہم اور مشکل کام ہے وہاں ان مقدس تعلیمات کو عصر حاضر کے تقاضوں کا لحاظ رکھتے ہوئے نفسیاتی اصولوں اور تعلیمی مہارتوں کے سانچے میں ڈھال کر نئی نسل کے لیے دلچسپ، جاذب اور پسندیدہ بنانا مذکورہ بالا کام سے بھی مشکل تر کام ہے۔

آج ہمارے تعلیمی نصاب، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر غیر دینی عناصر کا کنٹرول ہے اور وہ غلط، فاسد اور اخلاق سوز مفاہیم اور مناظر کو اس قدر دلچسپ، جاذب النظر اور قابل تقلید بنا کر پیش کرتے ہیں کہ نئی نسل کو ان کی تقلید کے بارے میں کہنے کی ضرورت ہی نہیں رہتی بلکہ وہ خود اس غیر اسلامی ثقافت اور تہذیب کو پسند کرنے لگتی ہے اور اسی کو جدید، دلچسپ، قابل عمل اور اعلیٰ تہذیب و ثقافت سمجھ کر تقلید کرتی ہے۔ نئی نسل کو اس ثقافتی یرغمال سے بچانا یقیناً تمام صاحبان دین اور وارثان انبیاء علیہم السلام کی اولین ذمہ داری ہے۔ ان غیر دینی عناصر کو جدید اور مؤثر ذرائع سے ہی شکست دے کر آئندہ نسل کو بچایا جا سکتا ہے۔ اس کے لیے ہر ایک کو اپنی بساط کے مطابق قیام کرنا چاہیے۔

اس سلسلے میں مملکت خداداد پاکستان میں استاد العلماء شیخ محسن علی نجفی مدظلہ العالی کی سرپرستی میں دینی، علمی، ثقافتی، تبلیغاتی سرگرمیوں اور معاشرتی بہبود میں جامعۃ الکوثر اسلام آباد ایک جامع الجہات جُہد مسلسل کا نمونہ نظر آتا ہے جو کہ دینی و عصری تعلیمی اداروں کا قیام اور الیکٹرانک میڈیا (ہادی ٹی وی سیٹلائٹ چینل) کے ذریعے ثقافی یلغار کا مقابلہ نیز سینکڑوں بہبود عامہ کے ملک گیر عملی اقدامات کر رہا ہے۔

اس درسگاہ میں زیر تعلیم اعلیٰ دینی اور عصری علوم سے آراستہ طلباء کی طرف سے نئی نسل کو اسلامی تعلیمات سے روشناس کرنے کے سلسلے میں اسلامی تعلیمات کے جامع پہلوؤں کو جدید تعلیمی نفسیات اور نصابی اصولوں کے مطابق نصابی انداز میں پیش کرنے کا جامع اقدام کیا گیا ہے۔

الکوثر تھاٹس نے اپنے اہداف اور وسائل کا جائزہ لیا اور جون 2009 میں 10 سال سے 13 سال کی عمر کے طلباء کے لیے ایک جامع اور مفید نصابی کتاب شائع کی جسے اساتذہ، علماء، طلبا اور عام قارئین نے بہت دلچسپ اور مفید قرار دیا۔

اس مرتبہ 14 سال سے 17 سال کی عمر کی نوجوان نسل کی ذہنی سطح اور جبلی میلانات کو سامنے رکھتے ہوئے مندرجہ ذیل موضوعات پر مشتمل نصابی کتاب شائع کی جا رہی ہے۔

1۔ قرآنیات

2۔تاریخ اسلام اور سیرت معصومین علیہم السلام

3۔اسلامی عقائد

4۔ اخلاقیات و آداب

5۔ احکام و فقہ عملی

6۔ تجوید

اس کتاب کو مندرجہ ذیل انداز میں استعمال کرنے کی تجویز دی جاتی ہے:

1۔ اسلام شناسی کے شارٹ کورس کے دوران

2۔ دینیات سنٹرز میں

3۔ سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں اسلامیات کے مضمون کی جگہ

4۔ گھر میں بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے

الکوثر تھاٹس کی جانب سے تیار کی جانے والی نصابی کتابوں میں یہ بھر پور کوشش کی جاتی ہے کہ:

1۔ مفاہیم و مطالب تحقیق شدہ اور درست ہوں۔

2۔ مطالب دلچسپ انداز میں پیش کئے جائیں۔

3۔ نصابی کتابیں تعلیمی نفسیات اور نصاب سازی کے اصولوں پر پورا اتریں۔

اساتذہ کرام کی رہنمائی کے لیے ہر کورس کی ابتداء میں کورس کی اہمیت، تعارف اور اہداف بیان کیے گئے ہیں۔

علماء اعلام، اساتذہ کرام اور دانشور حضرات خصوصاً نصاب سازی کے ماہرین سے یہی توقع کی جاتی ہے کہ وہ ہمیں اپنی اصلاحی تنقید کے ذریعے ہمارے اس عمل کو مزید بہتر بنانے میں اپنی مفید آراء و تجاویز دیں گے۔

آخر میں استاد بزرگوار حجۃ الاسلام وا لمسلمین شیخ محسن علی نجفی سمیت جامعۃ الکوثر اسلام آباد کے تمام اساتذہ کرام اور طلباء عظام خصوصاً نصاب سازی کے سلسلے میں شب و روز تعاون کرنے والے برادران کے شکر گزار ہیں، جن کی شفقت اور مخلصانہ تعاون سے یہ کام پایہ تکمیل کو پہنچا۔

و السلام

الکوثر تھاٹس