اسلامی تعلیمات

واجبات نماز

واجبات نماز گیارہ ہیں، جن میں سے بعض رکن ہیں اور بعض غیر رکن ہیں۔

1۔ نیت

نیت سے مراد یہ ہے کہ انسان اللہ تعالیٰ کی اطاعت اور خوشنودی کی خاطر نماز کا ارادہ کر لے۔ نیت زبان پر جاری کرنا ضروری نہیں ہے صرف ارادہ ہو تو کافی ہے۔

2۔ تکبیرۃ الاحرام

ضروری ہے کہ نیت کے بعد قیام کی حالت میں بلند آواز اللہ اکبر کہا جائے، اسے تکبیرۃ الاحرام کہا جاتا ہے۔ اس تکبیر کے بعد وہ تمام چیزیں ترک کرنا ضروری ہیں جو نماز کے باطل ہونے کا سبب بنیں۔ تکبیر کہتے وقت جسم بالکل ساکن ہو یعنی حرکت میں نہ ہو۔

3۔ قیام یعنی کھڑا ہونا

تکبیرۃ الاحرام کہنے کے موقع پر اور رکوع سے پہلے والا قیام (قیام متصل بہ رکوع) رکن ہے، جبکہ الحمد اور سورہ پڑھتے وقت کا قیام اور رکوع کے بعد والا قیام رکن نہیں ہے لیکن ضروری ہے۔

4۔قرائت

قرائت سے مراد پہلی اور دوسری رکعت میں سورہ حمد اور ایک سورہ کا پڑھنا ہے نیز تیسری اور چوتھی رکعت میں ایک بار سورہ حمد یا تسبیحات اربعہ کا پڑھنا۔

مردوں کے لیے واجب ہے کہ نماز فجر، مغرب اور عشاء کی پہلی دو رکعتوں میں حمد اور دوسرا سورہ اتنی بلند آواز سے پڑھے کہ ساتھ کھڑے شخص کو سنائی دے، صرف سنائی دینا کافی ہے، سمجھ میں آنا ضروری نہیں ہے۔

ظہر اور عصر کی نماز میں حمد و سورہ مرد اور عورت دونوں پر اخفات یعنی آہستہ پڑھنا واجب ہے۔

5۔رکوع

ضروری ہے کہ ہر رکعت میں سورہ پڑھنے کے بعد اس قدر جھکے کہ اپنی انگلیوں کے سرے گھٹنے پر رکھ سکے۔

6۔ دونوں سجدے

ہر رکعت میں رکوع کے بعد دو سجدے کرے۔ سجدہ یہ ہے کہ خاص شکل میں پیشانی کو خضوع کی نیت سے زمین پر رکھے، نماز کے سجدے کی حالت میں واجب ہے کہ پیشانی دونوں ہتھیلیاں، دونوں گھٹنے اور دونوں پاؤں کے انگھوٹھے زمین پر رکھے جائیں۔

7۔ تشہد

تمام واجب اور مستحب نمازوں کی دوسری رکعت میں نماز مغرب کی تیسری رکعت اور ظہر، عصر اور عشاء کی دوسری اور چوتھی رکعت میں انسان کے لیے ضروری ہے کہ دوسرے سجدے کے بعد اور بدن کے سکون کی حالت میں تشہد پڑھے۔ پس دوسری یا آخر ی رکعت کے بعد اطمینان سے بیٹھ کر شہادتین کا پڑھنا تشہد کہلاتا ہے۔

8۔ نماز کا سلام

نماز کی آخری رکعت کے تشہد کے بعد جب نمازی بیٹھا ہو اور اس کا بدن سکون کی حالت میں تو سلام پڑھے۔

9۔ ذکر

رکوع اور دونوں سجدوں میں ذکر پڑھنا ضروری ہے۔

10۔ ترتیب

ضروری ہے کہ نماز کے تمام اعمال ترتیب سے انجام دئے جائیں۔

11۔ موالات

ضروری ہے کہ نماز کے تمام اعمال پے درپے اور بغیر کسی وقفے کے مسلسل انجام دئے جائیں۔