اسلامی تعلیمات

احکام میت

احتضار

مسلمان پر محتضر (یعنی جان کنی کی حالت میں موجود شخص) کو سیدھا لٹانا واجب ہے۔ اس طرح کہ اس کے پاؤں قبلہ کی طرف ہوں تاکہ اس کا منہ قبلہ کی طرف ہو اور مستحب ہے کہ محتضر کو شہادتین اور بارہ اماموں کی تلقین کرائی جائے۔ اور جو دعائیں منقول ہیں ان کی بھی تلقین کرائی جائے۔

مکروہات

1۔ محتضر کو اکیلا چھوڑنا۔

2۔ کوئی وزنی چیز اس کے پیٹ پر رکھنا۔

3۔ جنب اور حائض کا اس کے پاس ٹھہرنا۔

4۔ اس کے پاس زیادہ بولنا۔

5۔ اس کے پاس گریہ کرنا (حالت احتضار میں)

6۔ محتضر کے پاس عورت کا تنہا ہونا۔

احکام غسل و کفن و نماز و دفن

ہر مسلمان پر واجب ہے کہ اگر کوئی مسلمان مر جائے تو اس کو غسل و کفن دے اور نماز پڑھ کر دفن کرے میت کے غسل و کفن، نماز اور دفن کے لیے اس کے ولی کی (سرپرست) اجازت لینا ضروری ہے۔

غسل میت کا طریقہ

ابتدا ء میں میت کے بدن سے نجاست کو دور کرنا ضروری ہے کیونکہ غسل دینے سے پہلے میت کے پورے بدن کو پاک کرنا مستحب ہے۔ میت کو تین غسل دینے واجب ہیں۔

1۔ آبِ سدر (بیری کے پتوں) والے پانی کے ساتھ۔

2۔ آب کافور ( کافور والے پانی) کے ساتھ۔

3۔ آب خالص (خالص پانی) کے ساتھ۔

غسل میت کا آغاز سب سے پہلے سر اور گردن دھونے سے ہوتا ہے اور پھر اس کے بعد میت کے دائیں اور بائیں جانب کا دھونا واجب ہے۔ میت کو تین غسل ترتیب وار دینا واجب ہیں اور واجب ہے کہ غسل دینے والا اس طرح نیت کرے کہ اس میت کو غسل دیتا ہوں آب سدر (بیری) یا کافور ملے ہوئے پانی یا خالص پانی سے قربۃً الی اللہ۔ اس کے بعد سر اور گردن کو اس طرح دھوئے کہ پانی بالوں کی جڑ تک پہنچ جائے پھر ذرا کروٹ بدل کر میت کی دائیں جانب گردن سے لے کر پاؤں کی انگلیوں تک اور ساتھ تلوے بھی دھوئے اور پھر اسی طرح بائیں جانب کو دھوئے اور دائیں بائیں دونوں سمتوں سے غسل دیتے وقت شرمگاہ کو مکمل دھوئے۔

نوٹ: پانی میں بیری کے پتے نہ ہی بہت زیادہ ہوں اور نہ ہی بہت کم ہوں اگر بیری کے پتے یا کافور کا پانی میسر نہ ہو تو پھر خالص پانی سے ان کی جگہ غسل دیا جائے۔

کفن

واجب کفن

1۔ لنگ(کپڑا)۔ جو میت کو ناف سے زانو تک چھپائے بہتر ہے کہ سینے سے پاؤں تک چھپائے۔

2۔ کفنی(قمیص)۔ کندھے سے لے کر نصف پنڈلی تک ہو۔

3۔ بڑی چادر: جو تمام بدن کو ڈھانپ لے۔ اس کی لمبائی میت کی لمبائی سے زیادہ ہو اور چوڑائی اتنی ہو کہ ایک سرے کو دوسرے سرے پر رکھا جا سکے۔

نوٹ: میت کو کفن کے ساتھ ساتھ حنوط کرنا واجب ہے یعنی میت کے اعضا ء سجدہ پر کافور کا مَلنا۔

مستحبات کفن

1۔ واجب چادر کے علاوہ ایک پوری چادر باندھنا۔

2۔ مرد کے سر پر عمامہ باندھنا اور عورت کے سر پر مقنعہ باندھنا۔

3۔ عورت کے سینے پر کپڑا باندھنا۔

4۔کفن کا پاک ہونا۔

5۔ کفن کا سفید ہونا۔

6۔ کفن کے ہر حصے پر کافور چھڑکنا۔