اسلامی تعلیمات

باب 6

صفات

صفات، صفت کی جمع ہے، جس کے معنی ہیں کیفیت۔

اصطلاح قراء میں حروف میں پائی جانے والی مختلف حالتوں کو صفات کہتے ہیں۔

اختصار کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم چند اہم صفات کی وضاحت کریں گے۔

1۔ استعلاء

استعلاء کے معنی ہیں اوپر کی طرف اٹھنا۔

یعنی حرف کو ادا کرتے وقت زبان کی جڑ اوپر تالو کی طرف اٹھ جائے۔ یہ صفت سات حروف میں پائی جاتی ہے۔ ان کا مجموعہ ہے خصَّ ضَغطٍ قِظْ ۔

نوٹ: اس صفت کی وجہ سے یہ حروف باقی حروف کی نسبت موٹے پڑھے جاتے ہیں۔

2۔ اطباق

اس کے معنی ہیں لپٹ جانا۔

یعنی حروف کو ادا کرتے وقت زبان کا درمیانی حصہ تالو سے لپٹ جائے۔ یہ صفت چار حروف ’’ص‘‘ ’’ض‘‘ ’’ط‘‘ اور ’’ظ‘‘ میں پائی جاتی ہے۔

نوٹ: چونکہ یہ چار حروف صفت استعلاء رکھتے ہیں اور صفت اطباق بھی رکھتے ہیں اس لیے یہ حروف زیادہ موٹے پڑھے جاتے ہیں۔

3۔ قلقلہ

قلقلہ کے معنی ہیں جنبش۔ عنی ساکن ہونے کی حالت میں حروف کا اپنے مخرج سے جنبش کرنا۔

حروف قلقلہ کی تعداد پانچ ہیں۔ ان کا مجموعہ ہے قُطبُ جَدٍ ۔

4۔ صفیر

یعنی حروف کو ادا کرتے وقت سیٹی کی سی آواز کا پیدا کرنا۔

یہ صفت تین حروف ’’ز‘‘ ’’س‘‘ اور ’’ص‘‘ میں پائی جاتی ہے۔