Danishkadah Danishkadah Danishkadah
حضرت امام علی زین العابدین نے فرمایا، جو شخص لوگوں کے وہ عیب بیان کرے جو اُن میں ہیں، تو لوگ اُس کے وہ عیب بیان کریں گے جو اُس میں نہیں ہیں۔ بحارالانوار کتاب العشرہ باب66 حدیث65
اِکیسویں دعا

21۔ رنج و اندوہ کے موقع کی دعا

اے اللہ! اے یکہ و تنہا اور کمزور و ناتوان کی(مہموں میں) کفایت کرنے والے اور خطرناک مرحلوں سے بچا لے جانے والے! گناہوں نے مجھے بے یار و مددگار چھوڑ دیا ہے۔ اب کوئی ساتھی نہیں ہے اور تیرے غضب کے برداشت کرنے سے عاجز ہوں۔ اب کوئی سہارا دینے والا نہیں ہے۔ تیری طرف بازگشت کا خطرہ درپیش ہے۔ اب اس دہشت سے کوئی تسکین دینے والا نہیں ہے اور جب کہ تو نے مجھے خوف زدہ کیا ہے تو کون ہے جو مجھے تجھ سے مطمئن کرے اور جب کہ تو نے مجھے تنہا چھوڑ دیا ہے تو کون ہے جو میری دستگیری کرے اور جب کہ تو نے مجھے ناتواں کر دیا ہے تو کون ہے جو مجھے قوت دے۔ اے میرے معبود! پروردہ کو کوئی پناہ نہیں دے سکتا سوائے اس کے پروردگار کے اور شکست خوردہ کو کوئی امان نہیں دے سکتا سوائے اس پر غلبہ پانے والے کے اور طلب کردہ کی کو ئی مد د نہیں کر سکتا سو ا ئے اس کے طالب کے۔یہ تما م وسائل اے میرے معبود تیرے ہی ہا تھ میں ہیں اور تیری ہی طرف راہ فرار و گریز ہے۔ لہٰذا تو محمداور ان کی آل پر رحمت ناز ل فرما اور میرے گریز کو اپنے دامن میں پناہ دے اور میری حاجت برلا۔
اے اللہ!اگر تو نے اپنا پاکیز ہ رخ مجھ سے موڑ لیا اور اپنے احسان عظیم سے دریغ کیا یااپنے رزق کو بند کر دیا یا اپنے رشتۂ رحمت کو مجھ سے قطع کر لیا تو میں اپنی آرزوؤں تک پہنچنے کا وسیلہ تیرے سوا کوئی پانہیں سکتا اور تیرے ہاں کی چیزوں پر تیری مدد کے سوا دسترس حاصل نہیں کرسکتا ۔ کیونکہ میں تیرابندہ اور تیرے قبضہ قدرت میں ہوں اور تیرے ہی ہاتھ میں میری باگ دوڑ ہے۔ تیرے حکم کے آگے میرا حکم نہیں چل سکتا ۔ میرے بارے میں تیرا فرمان جاری اور میرے حق میں تیرا فیصلہ عدل و انصاف پر مبنی ہے۔ تیرے قلمرو سلطنت سے نکل جانے کا مجھے یارا نہیں اور تیرے احاطۂ قدرت سے قدم باہر رکھنے کی طاقت نہیں اور نہ تیری محبت کو حاصل کرسکتا ہوں، نہ تیری رضا مندی تک پہنچ سکتا ہوں اور نہ تیرے ہاں کی نعمتیں پا سکتا ہوں مگر تیری اطاعت اور تیری رحمت فراواں کے وسیلہ سے۔
اے اللہ! میں ہر حال میں تیرا ذلیل بندہ ہوں، تیری مدد کے بغیر میں اپنے سود و زیاں کا مالک نہیں ۔ میں اس عجز و بے بضاعتی کی اپنے بارے میں گواہی دیتا ہوں اور اپنی کمزوری و بیچارگی کا اعتراف کرتا ہوں۔ لہذا جو وعدہ تو نے مجھ سے کیا ہے اسے پورا کر اور جو دیا ہے اسے تکمیل تک پہنچا دے، اس لیے کہ میں تیرا وہ بندہ ہوں جو بے نوا، عاجز ، کمزور بے سرو سامان، حقیر، ذلیل، نادار، خوفزدہ اور پناہ کا خواستگار ہے۔
اے اللہ ! رحمت نازل فرمامحمد اور ان کی آل پر اور مجھے ان عطیوں میں جو تو نے بخشے ہیں فراموش کار اور ان نعمتوں میں جو تو نے عطا کی ہیں احسان ناشناس نہ بنا دے اور مجھے دعا کی قبولیت سے ناامید نہ کر اگرچہ اس میں تاخیر ہوجائے، آسائش میں ہوں یاتکلیف میں، تنگی میں ہوں یا فارغ البالی میں، تندرستی کی حالت میں ہوں یا بیماری کی، بدحالی میں ہوں یا خوشحالی میں، تو نگری میں ہوں یا عسرت میں، فقر میں ہوں یا دولتمندی میں۔
اے اللہ! محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اور مجھے ہر حالت میں مدح و ستائش و سپاس میں مصروف رکھ یہاں تک کہ دنیا میں سے جو کچھ تو دے اس پر خوش نہ ہونے لگوں اور جو روک لے اس پر رنجیدہ نہ ہوں اور پرہیزگاری کو میرے دل کا شعار بنا اور میرے جسم سے وہی کام لے جسے تو قبول فرمائے اور اپنی اطاعت میں انہماک کے ذریعہ تمام دنیوی علائق سے فارغ کر دے تاکہ اس چیز کو جو تیری ناراضگی کا سبب ہے ، دوست نہ رکھوں اور جو چیز تیری خوشنودی کا باعث ہے اسے ناپسند نہ کروں۔
اے اللہ! محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اور زندگی بھر میرے دل کو اپنی محبت کے لیے فارغ کر دے۔اپنی یادمیں اسے مشغول رکھ۔ اپنے خوف و ہراس کے ذریعے (گناہوں کی) تلافی کا موقع دے ، اپنی طرف رجوع ہونے سے اس کو قوت و توانائی بخش، اپنی اطاعت کی طرف اسے مائل کر اور اپنے پسندیدہ ترین راستہ پر چلا اور اپنی نعمتوں کی طلب پر اسے تیار کر اور پرہیزگاری کو میرا توشہ،اپنی رحمت کی جانب میرا سفر، اپنی خوشنودی میں میرا گزر اور اپنی جنت میں میری منزل قرار دے
اور مجھے ایسی قوت عطا فرما جس سے تیری رضامندیوںکا بوجھ اٹھالوں اور میرے گریز کو اپنی جانب اور میری خواہش کو اپنے ہاں کی نعمتوں کی طرف قرار دے اور برے لوگوں سے میرے دل کو متوحش اور اپنے دوستوں اور فرمانبرداروں سے مانوس کر دے اور کسی بدکار اور کافر کا مجھ پر احسان نہ ہو۔ نہ اس کی نگاہ کرم مجھ پر ہو اور نہ اس کی مجھے کوئی احتیاج ہو بلکہ میرے دلی سکون، قلبی لگاؤ اور میری بے نیازی و کارگزاری کو اپنے اور اپنے برگزیدہ بند وں سے وابستہ کر۔
اے اللہ! محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اور مجھے ان کا ہم نشین اور مددگار قرار دے اور اپنے شوق و وارفتگی اور ان اعمال کے ذریعے جنہیں تو پسند کرتا اور جن سے خوش ہوتا ہے مجھ پراحسان فرما۔ اس لیے کہ تو ہر چیز پر قادر ہے اور یہ کام تیرے لیے آسان ہے۔

 

 

 

فہرست صحیفہ کاملہ