Danishkadah Danishkadah Danishkadah
حضرت محمد مصطفیٰﷺ نے فرمایا، مومن میں دو خصلتیں جمع نہیں ہوسکتیں: بخل اور رزق کے بارے میں خدا سے بدگمانی۔ بحارالانوار کتاب الروضۃ باب7 حدیث8
تِیسویں دعا

30۔ ادا‎ئے قرض کی دعا

اے اللہ! محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اور مجھے ایسے قرض سے نجات دے جس سے تو میری آبرو پر حرف آنے دے اور میرا ذہن پریشان اور فکر پراگندہ رہے اور اس کی فکر و تدبیر میں ہمہ وقت مشغول رہوں۔ اے میرے پروردگار! میں تجھ سے پناہ مانگتا ہوں قرض کے فکر و اندیشہ سے اور اس کے جھمیلوں سے اور اس کے باعث بے خوابی سے، تو محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اور مجھے اس سے پناہ دے۔ پروردگار! میں تجھ سے زندگی میں اس کی ذلت اور مرنے کے بعد اس کے وبال سے پناہ مانگتا ہوں۔ تو محمد اورا ن کی آل پر رحمت نازل فرما اور مجھے مال و دولت کی فراوانی اور پیہم رزق رسانی کے ذریعہ اس سے چھٹکارا دے۔
اے اللہ!محمداور ان کی آل پر رحمت نازل فرمااور مجھے فضول خرچی اور مصارف کی زیادتی سے روک دے اور عطا و میانہ روی کے ساتھ نقطہ اعتدال پر قائم رکھ اور میرے لیے حلال طریقوں سے روزی کا سامان کر اور میرے مال کو مصرف امورخیر میں قرار دے اور اس مال کو مجھ سے دور ہی رکھ جو میرے اندر غرور و تمکنت پیدا کرے یا ظلم کی راہ پر ڈال دے یا اس کا نتیجہ طغیان و سرکشی ہو۔
اے اللہ ! درویشوں کی ہم نشینی میری نظروں میں پسندیدہ بنا دے اور اطمینان افزا صبر کے ساتھ ان کی رفاقت اختیار کرنے میں میری مدد فرما۔ دنیائے فانی کے مال میں سے جو تو نے مجھ سے روک لیا ہے اسے اپنے باقی رہنے والے خزانوں میں میرے لیے ذخیرہ کردے اور اس کے ساز و برگ میں سے جو توُ نے دیا ہے اور اس کے سروسامان میں سے جو بہم پہنچایا ہے اسے اپنے جوار ( رحمت ) تک پہنچنے کا زادِ راہ ، حصول تقرّب کا وسیلہ اور جنّت تک رسائی کا ذریعہ قرار دے اس لیے کہ تو فضل عظیم کا مالک اور سخی و کریم ہے۔

 

 

 

فہرست صحیفہ کاملہ