Danishkadah Danishkadah Danishkadah
حضرت امام جعفر صادق نے فرمایا، اللہ تعالیٰ اپنے اولیاء کو بغیر کسی قسم کے گناہ کے مصائب میں مبتلا فرماتا ہے تاکہ اس طرح سے اُن کےاجر میں اضافہ کردے۔ اصول کافی باب نادر حدیث2
تینتالیسویں دعا

43۔ دعائے رویت ہلال

اے فرمانبردار، سرگرم عمل اور تیزرو مخلوق اور مقررہ منزلوں میں یکے بعد دیگرے وارد ہونے اور فلک نظم و تدبیر میں تصرف کرنے والے میں اس ذات پر ایمان لایا جس نے تیرے ذریعہ تاریکیوں کو روشن اور ڈھکی چھپی چیزوں کو آشکارا کیا اور تجھے اپنی شاہی و فرمانبروائی کی نشانیوں میں سے ایک نشانی اور اپنے غلبہ و اقتدار کی علامتوں میں سے ایک علامت قرار دیا اور تجھے بڑھنے، گھٹنے ، نکلنے، چھپنے اور چمکنے گہنانے سے تسخیر کیا ۔ ان حالات میں تو اس کے زیر فرمان اور اس کے ارادہ کی جانب رواں رواں ہے۔
تیرے بارے میں اس کی تدبیر و کارسازی کتنی عجیب اور تیری نسبت اس کی صناعی کتنی لطیف ہے۔ تجھے پیش آیندہ حالات کے لیے نئے مہینہ کی کلید قرار دیا۔
تو اب میں اللہ تعالیٰ سے جو میرا پروردگار اور تیرا پروردگار، میرا خالق اور تیرا خالق، میرا نقش آرا اورتیرا نقش آرا اور میرا صورت گر اور تیرا صورت گر ہے سوال کرتا ہے کہ وہ رحمت نازل کرے محمد اور ان کی آل پر
اور تجھے ایسی برکت والا چاند قرار دے جسے دنوں کی گردشیں زائل نہ کرسکیں اور ایسی پاکیزگی والا جسے گناہ کی کثافتیں آلودہ نہ کر سکیں۔ ایسا چاند جو آفتوں سے بری اور برائیوں سے محفوظ ہو۔ سراسریمن و سعادت کا چاند جس میں ذرا نحوست نہ ہو اور سراپا خیرو برکت کا چاند جسے تنگی و عسرت سے کوئی لگاؤ نہ ہو اور ایسی آسانی و کشائش کا جس میں دشواری کی آمیزش نہ ہو اور ایسی بھلائی کا جس میں برائی کا شائبہ نہ ہو۔ غرض سرتاپاامن، ایمان ، نعمت ، حسن عمل ، سلامتی اور اطاعت و فرمانبرداری کا چاند ہو۔
اے اللہ ! محمد اور ان کی آل پر رحمت نازل فرما اور جن جن پر یہ اپنا پرتو ڈالے ان سے بڑھ کر ہمیں خوشنود اور جو جو اسے دیکھے سب سے زیادہ درست کار اور جو جو اس مہینہ میں تیری عبادت کرے ان سب سے زیادہ خوش نصیب قرار دے اور ہمیں اس میں توبہ کی توفیق دے اور گناہوں سے دور اورمعصیت کے ارتکاب سے محفوظ رکھ۔ اور ہمارے دل میں اپنی نعمتوں پر ادائے شکر کا ولولہ پیدا کر اور ہمیں امن و عافیت کی سپر میں ڈھانپ لے اور اس طرح ہم پر اپنی نعمت کو تمام کر کہ تیرے فرائض اطاعت کوپورے طور سے انجام دیں ۔ بیشک تو نعمتوں کا بخشنے والا اور قابل ستائش ہے۔ رحمت فراواں نازل کرے اللہ محمد اور ان کی پاک و پاکیزہ آل پر۔

 

 

 

فہرست صحیفہ کاملہ